ہمیں مشورہ دینے والے پہلے اپنے صوبوں میں مزید صوبے بنائیں، سعید غنی

آئین کے مطابق نئے صوبے کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد ضروری ہے، سندھ سے تعلق نہ رکھنے والے رہنما ہمیں مشورے دینے کے بجائے اپنے صوبوں پر توجہ دیں، وزیر محنت


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیر محنت سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مشورے دینے والے رہنماؤں کو پہلے اپنے اپنے صوبوں میں مزید صوبے بنانے چاہئیں، کیونکہ آئین کے مطابق جس صوبے میں نیا صوبہ قائم کرنا ہو، وہاں کی صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور کرانا ضروری ہے۔صوبائی اسمبلی کے میڈیا کارنر پر گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ انہیں خاص طور پر ان رہنماؤں پر حیرت ہوتی ہے جن کا تعلق سندھ سے نہیں۔
خواجہ آصف، طلال چوہدری اور علیم خان کا کراچی سے کوئی تعلق نہیں، انہیں چاہیے کہ وہ اپنے صوبوں میں نئے صوبوں کے قیام پر بات کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات پیپلز پارٹی نے شروع نہیں کی، یہ معاملہ کسی اور کی جانب سے اٹھایا گیا تھا، تاہم جو لوگ اس سے اتفاق نہیں کرتے انہیں بھی اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے۔
سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو درپیش مسائل، ان کے اسباب اور عوام کی مشکلات کے حل پر بات کی ہے۔
انہوں نے ملک کو بحران سے نکالنے کے حوالے سے ایک اہم نکتہ پیش کیا۔ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر محنت نے کہا کہ وہ عجیب باتیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مصطفی کمال کے ماضی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصطفی کمال نے خالد مقبول صدیقی کے بارے میں بھارت جانے اور پاکستانی پاسپورٹ پھاڑنے کے الزامات عائد کیے تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ مصطفی کمال نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ امریکا کی دہشت گردوں کی فہرست میں نام ہونے کے باعث خالد مقبول صدیقی کو وہاں قومی شناخت نہیں مل سکی۔ اگر مصطفی کمال کے یہ الزامات غلط تھے تو خالد مقبول صدیقی کو ان کا جواب دینا چاہیے تھا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا یا دیگر علاقوں میں لسانی بنیادوں پر ایسے فسادات کی مثال نہیں ملتی جیسے سندھ میں بے گناہ لوگوں کو قتل کیا گیا۔ اگر دوبارہ نفرتیں پھیلنے کا خدشہ ہو تو اس پر بات کرنا ضروری ہے۔وزیر محنت نے کہا کہ کراچی کے شہری ماضی کے حالات دوبارہ نہیں دیکھنا چاہتے۔ جن خاندانوں کے گھروں میں اپنے پیاروں کی لاشیں پہنچی ہیں، وہی اس دکھ اور نقصان کی شدت کو بہتر سمجھ سکتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert