چاہتا ہوں شہباز شریف 5 سال مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی وزیرِ اعظم بنیں، بلاول بھٹو

موجودہ سیاسی صورتحال میں انہیں عوامی مسائل اور معاشی مشکلات پر توجہ دینے کا موقع نہیں دیا جا رہا، ملک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے، عوام پر معاشی بوجھ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی کا خطاب


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کریں، تاہم موجودہ سیاسی صورتحال میں انہیں عوامی مسائل اور معاشی مشکلات پر توجہ دینے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔ کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل ترین معاشی بحرانوں میں سے ایک سے گزر رہا ہے۔
ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان جنگ کے اثرات کا معاشی بوجھ پاکستان سمیت پورے خطے کے عوام برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی وقت نہیں دیکھا۔ بظاہر آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اگر خطے میں امن معاہدہ ہو بھی جاتا ہے تو اس کے معاشی اثرات سے نکلنے میں طویل وقت لگے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اس وقت عوام کو معاشی ریلیف دینے اور مہنگائی کا بوجھ کم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں، لیکن افسوس کہ پاکستان میں حکمران اور سیاست دان عوامی مسائل سے توجہ ہٹا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تین نسلوں سے غریب، محنت کشوں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کی رہنمائی کر رہی ہے۔
ان کے مطابق پیپلز پارٹی کی بنیادی سوچ یہ ہے کہ محدود وسائل کے باوجود عوام کی زیادہ سے زیادہ مدد کیسے کی جا سکتی ہے۔ بلاول بھٹو نے سندھ حکومت کے بینظیر ہاری کارڈ پروگرام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے 25 ایکڑ تک زمین رکھنے والے چھوٹے کسانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ پروگرام کے تحت تقریباً 6 لاکھ افراد کو فائدہ پہنچانے کا ہدف ہے۔
گندم کے کاشت کاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے مالی مدد دی جائے گی، جبکہ حکومت کو گندم فراہم کرنے پر مزید 2 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ انہوں نے دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کیا۔ ایک مرتبہ ان کی کابینہ میں کام کیا اور اس مرتبہ بھی ان کی حکومت کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کیا، تاہم جنگ کے باعث معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے خطے میں امن کے قیام کے لیے محنت کی تاکہ معاشی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے، لیکن انہیں اپنا ایجنڈا ترتیب دینے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے نمٹنے کا منصوبہ پیش کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر عوامی مشکلات کے حل کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

WhatsApp
Get Alert