اساتذہ اور طلبہ کے لیے اہم خبر، پنجاب حکومت کا بڑا اقدام


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب حکومت نے محکمہ سکول ایجوکیشن کے انتظامی امور بہتر بنانے کے لیے اسے تین الگ علاقائی حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز دے دی۔
مجوزہ منصوبے کے تحت محکمہ سکول ایجوکیشن کو نارتھ پنجاب، سینٹرل پنجاب اور ساؤتھ پنجاب کے تین ریجنز میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ہر ریجن کے لیے الگ سیکرٹری، سیکرٹریٹ اور ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشن قائم کرنے کی تجویز ہے۔
اس حوالے سے محکمہ سکول ایجوکیشن کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے بھجوائی گئی سمری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پاس زیر غور ہے۔
مجوزہ منصوبے کے مطابق تینوں ریجنز کے سیکرٹریز بالترتیب لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں تعینات ہوں گے۔ اس طرح موجودہ ایک صوبائی سیکرٹری کے بجائے تینوں علاقائی حصوں کے لیے الگ الگ سیکرٹریز مقرر کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کو اس منصوبے پر عملدرآمد کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
مجوزہ تقسیم کا مقصد محکمہ سکول ایجوکیشن کے انتظامی معاملات کو بہتر بنانا اور صوبے کے مختلف علاقوں میں تعلیمی امور کی نگرانی اور انتظامی فیصلوں کو مؤثر بنانا ہے۔ تاہم منصوبے کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے دی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert