حکومت پہلے صوبوں کا خاکہ پیش کرے، پھر ریفرنڈم کی بات کرے، مظہر عباس

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینئر صحافی مظہر عباس نے جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پہلے صوبوں کا خاکہ پیش کرے، پھر ریفرنڈم کی بات کرے
وزیراعظم یا وزیر داخلہ پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیں کہ نئے صوبے کس طرح بنیں گے اور ان کے مالی معاملات کیسے چلائے جائیں گے، ہماری ریاست اور حکومت بڑی عجیب و غریب ہے، ایک ایسے مسئلے پر بحث کروائی جا رہی ہے جس کا خاکہ ہی معلوم نہیں، کبھی اس ذریعے سے خبر لیک کروا دی جاتی ہے اور کبھی اس ذریعے سے خبر لیک کروا دی جاتی ہے۔
حکومت کو خود واضح ہونا چاہیے اور ایک بیان دینا چاہیے کہ صوبہ کیسے ہوگا اور کس طرح بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیا کسی نے پارلیمنٹ میں کوئی پالیسی اسٹیٹمنٹ دی ہے؟ کیا پارلیمنٹ یا کابینہ میں اس معاملے پر بات کی گئی ہے؟ اگر وفاقی وزرا ریفرنڈم کے حق میں بات کر رہے ہیں تو جا کر پارلیمنٹ میں بیان دیں۔
ریفرنڈم کی بات اس وقت سامنے آتی ہے جب دیکھا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ ایک ڈیوائیڈڈ ہاؤس ہے۔
مظہر عباس کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں بحث کی جائے اور اٹھارویں ترمیم سے سبق سیکھا جائے۔ انفورسمنٹ ایک الگ چیز ہے، لیکن ایک ترمیم کیسے کی جاتی ہے، یہ اٹھارویں ترمیم سے سیکھ لیں۔ اس میں سیکریسی بھی ہوتی ہے، رائے بھی دی جاتی ہے اور مخالفت بھی ہوتی ہے۔ ایک پروپر فورم موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں ایسا لگتا ہے کہ جتنے بھی وزرا ہیں انہیں پورا یقین ہے کہ وہ لوگوں کے نمائندے نہیں ہیں، اس لیے وہ ریفرنڈم کی بات کر رہے ہیں، ورنہ کیا پارلیمنٹ عوام کی نمائندگی نہیں کرتی؟ اگر پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی تو کیا وہ فیصلہ نہیں ہوگا؟
ان کا کہنا تھا کہ پھر آپ ارلی الیکشنز کی طرف چلے جائیں، جو جماعت صوبوں کے حق میں ہو وہ اپنے لوگوں سے ووٹ مانگے، صوبوں کے معاملے پر دلائل دے، اور جو جماعت صوبوں کے خلاف ہے وہ بھی اپنے لوگوں سے ووٹ مانگے۔
اس کے بعد جو اکثریتی فیصلہ ہوگا، اسے قبول کر لیا جائے گا۔
سینئر صحافی نے کہا کہ جو پارٹی برسر اقتدار آئے اور جو پارٹی ریفرنڈم کی بنیاد پر جیتے، اسے اس معاملے میں پورا حق ہوگا۔ ہم ہمیشہ سے بعض ترامیم کو بولڈوز کرکے کرتے ہیں، اٹھارویں ترمیم کے علاوہ شاید ہی کوئی ایک آدھ ترمیم ایسی ہوئی ہو جس میں مکمل پراسیس فالو کیا گیا ہو، باقی بالکل اسی طرح ہوا جس طرح بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کہا کہ جبری اکثریت سے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آئینی ترامیم جبری اکثریت سے بنائی گئی تھیں اور اگر ایسی چیزیں ہوتی رہیں گی تو پھر آپ کر لیں۔ ایسا لگتا ہے کہ کوئی آؤٹ آف دی باکس چیزیں لائی جا رہی ہیں اور اس میں بس سوال رکھ دیا جائے گا، جیسے ماضی میں ریفرنڈم کے سوال رکھے گئے۔
مظہر عباس نے سوال اٹھایا کہ بھائی، پہلے آپ کوئی خاکہ تو پیش کریں۔
دیکھیں کہ اس کی فنانسنگ کیا ہوگی، ایک پوری حکومت بنے گی، ایک پوری صوبائی حکومت ہوگی، اس کے مالی معاملات کیا ہوں گے اور آپ انہیں کیسے سنبھالیں گے؟ بارہ صوبے ہوں یا چودہ صوبے، ان کے لیے پوری ایک مشینری درکار ہوگی، یہ سب کیسے کریں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ کوئی خاکہ سامنے آئے گا تو اس پر بات کریں گے۔ ہمارے صحافی ہر دوسرے دن خبریں بریک کرتے رہتے ہیں، بہت اچھی بات ہے، لیکن حکومت کہاں ہے؟ کبھی عطا تارڑ کچھ کہتے ہیں، رانا ثنا اللہ کچھ کہتے ہیں اور خواجہ آصف کچھ کہتے ہیں۔
وزیراعظم یا وزیر داخلہ پارلیمنٹ میں آکر ایک پالیسی اسٹیٹمنٹ دیں کہ یہ روڈ میپ ہے، اس طرح صوبے بنیں گے اور اس سے یہ مسائل حل ہوں گے تاکہ لوگ بھی آگاہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ ریفرنڈم کی طرف جاتے بھی ہیں تو لوگوں کو معلوم تو ہو کہ کیا ہونے جا رہا ہے۔ آپ ایک جنرل اسٹیٹمنٹ دے رہے ہیں کہ صوبے بننے چاہئیں اور صوبے بننے سے بڑی خوشحالی آجائے گی۔ کیوں؟ کیا پولیس تبدیل ہو جائے گی؟ کیا سول سروس کا نظام تبدیل ہو جائے گا؟
مظہر عباس نے کہا کہ ہمیں ایک ایسی بحث میں الجھا دیا گیا ہے جس کا ہمیں معلوم ہی نہیں کہ کیا ہونے جا رہا ہے۔ میں مسلسل یہ بات کہہ رہا ہوں کہ جب تک کوئی خاکہ میرے سامنے نہیں ہوگا، میں اس پر کیسے بات کروں؟
