جو بھی ان کے بیانیے سے اختلاف کرتا ہے تو فائلیں اٹھا لاتے ہیں، بھئی کوئی نیا حربہ لے آؤ، مولانا فضل الرحمان

وہی لوگ تھے جنہوں نے چاروں صوبوں کو ایک صوبہ بنایا آج ہر صوبے کو ٹکرے کرنے کی بات کر رہے ہیں، خیبرپختونخواہ میں دہشتگردی کا مسئلہ دفن ہوچکا، تب ہی تو سکیورٹی واپس لی گئی؛ سربراہ جے یو آئی ف کا خطاب


پشاور(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ماضی میں چاروں صوبوں کو ایک صوبہ بنایا تھا، آج بھی وہی ہر صوبے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کر رہے ہیں، خیبر پختونخواہ میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس نہ کیے جانے کے باعث یہاں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی۔
اطلاعات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے انہون نے صوبوں کی تقسیم، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ، گورنر راج، ایمرجنسی، سیکیورٹی کی واپسی اور ملکی معاشی صورتحال پر کھل کر اظہارِ خیال کیا، سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا ہے کہ وہی لوگ تھے جنہوں نے چاروں صوبوں کو ایک صوبہ بنایا اور آج بھی وہی لوگ ہیں جو ہر صوبے کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بات کر رہے ہیں۔


انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخواہ میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس نہیں کیا گیا اس لیے یہاں گورنر راج اور ایمرجنسی لگائی گئی، بلوچستان میں مائنز اینڈ منرلز ایکٹ پاس ہوا اس لیے وہاں گورنر راج اور ایمرجنسی کی ضرورت نہیں پیش آئی، سابق فاٹا میں ایمرجنسی لگائی گئی ہے جہاں ایک سال سے غیر قانونی مائننگ ہو رہی ہے اور یہ سب ان کی آنکھوں کے سامنے ہوتا رہا، ٹانک، ڈیرہ، لکی اور بنوں سمگلنگ کے راستے ہیں، دہشتگردی کا مسئلہ دفن ہوگیا، صوبے میں اب کوئی دہشتگردی نہیں بلکہ مکمل امن و امان ہوچکا، تب ہی تو ہماری سکیورٹی واپس لی گئی۔
مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ ہم فوج کو دشمن کے سامنے طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں، فوج ہماری دفاعی قوت ہے جسے طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اپنی قوم کے مقابلے میں نہیں بلکہ دشمن کے مقابلے میں طاقتور دیکھنا چاہتے ہیں، ہم پر دباؤ ڈالنے کیلئے انگریزوں کے زمانے کے پرانے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، کوئی نیا حربہ لے کر آئیں، جو بھی ان کے بیانیے سے اختلاف کرتا ہے تو فائلیں اٹھا لاتے ہیں، ہماری بھی فائلیں پڑی ہیں اور ان فائلوں میں ہمارے گھر کے سامنے ایک جنریٹر پڑا ہوا ہے۔


ان کا کہنا ہے کہ 80 سال بعد آج آپ خود مشاہدہ کر سکتے ہیں کہ ہماری معیشت کہاں کھڑی ہے، ہماری برآمدات اور درآمدات کی صورتحال کیا ہے؟ ہماری صنعتی پیداواری صلاحیت کتنی ہے؟ جی ڈی پی گروتھ کہاں ہے؟ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کیا رہ گئی اور مہنگائی کی صورتحال کیا ہے؟ دنیا بھر سے موازنہ کرنے کی بات نہیں کر رہا، اپنے خطے کے ممالک بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، میانمار، بھوٹان اور نیپال کے ساتھ موازنہ کرلیں کہ آخر ہم کہاں کھڑے ہیں؟ ایران یا افغانستان کے ساتھ موازنہ کیا جائے یا خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ، سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ہماری اس معاشی صورتحال کے ذمہ دار کون ہیں؟۔

WhatsApp
Get Alert