کیپٹن ر صفدر نے میاں داؤد ایڈووکیٹ کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا، معافی کا مطالبہ

’بھونکنے والا کتا‘ کہہ کر ہتک کا نشانہ بنایا، اپنی ویڈیوز میں ’زنا بالرضا کا ملزم‘ قرار دے کر تضحیک کی، ’گھر داماد نما نوکر‘ قرار دے کر ہتک کی، شادی کی ساکھ پر سوالات اٹھا کر تضحیک کا نشانہ بنایا؛ نوٹس کا متن


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اعوان نے قانون دان میاں داؤد ایڈووکیٹ کو ہتک عزت کا لیگل نوٹس بھجوا دیا، جس میں ان سے عوامی سطح پر معافی مانگنے یا 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لیگل نوٹس کے متن کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کا تنازعہ احسن بھون ایڈووکیٹ کی وکالت کی ڈگری کے حوالے سے مختلف فورمز پر زیرِ التوا تھا، میاں داؤد ایڈووکیٹ نے تھرڈ پارٹی کی حیثیت سے احسن بھون ایڈووکیٹ کی جگہ پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے الزامات کا جواب دیا اور اس دوران سوشل میڈیا پر ان کے خلاف نامناسب گفتگو کی، انہیں میاں داؤد ایڈووکیٹ کی اس تضحیک آمیز گفتگو کا 14 نومبر کو علم ہوا۔


قانونی نوٹس میں تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میاں داؤد ایڈووکیٹ نے تین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے بارے میں ہتک آمیز گفتگو کی، میاں داؤد ایڈووکیٹ نے انہیں ’بھونکنے والا کتا‘ کہہ کر ہتک کا نشانہ بنایا، اپنی ویڈیوز میں ’زنا بالرضا کا ملزم‘ قرار دے کر تضحیک کی، میاں داؤد ایڈووکیٹ نے ’گھر داماد نما نوکر‘ قرار دے کر ہتک کی اور شادی کی ساکھ پر سوالات اٹھا کر تضحیک کا نشانہ بنایا۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اعوان کی جانب سے بھجوائے گئے لیگل نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور ویڈیوز کے ذریعے کیے جانے والے ان بیانات سے ان کی ساکھ اور عزتِ نفس کو شدید نقصان پہنچایا گیا، میاں داؤد ایڈووکیٹ عوامی سطح پر معافی مانگیں یا پھر 10 ارب روپے ہرجانہ ادا کریں، بصورتِ دیگر اس معاملے پر قانونی تقاضوں کے مطابق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert