دسمبر اہم ہے؛ کراچی وفاق کو دینے کی تجویز آئی تو بھرپور حمایت کریں گے، مصطفی کمال

کراچی(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق کا حصہ بنانے کی تجویز سامنے آئی تو وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کوئی بھی سیاسی دباؤ انہیں نئے صوبوں کی تحریک سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔ نئے صوبوں کا قیام آنے والی نسلوں کی بقا اور مستقبل سے جڑا معاملہ ہے، جو ان کے لیے زندگی کی بنیادی ضرورت کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایم کیو ایم رہنما نے دسمبر کو اہم مہینہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر آئندہ پیش رفت اگلے مالی سال کا بجٹ پیش ہونے سے پہلے ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت سرکاری سطح پر نہ ہورہی ہوتی تو اب تک کوئی نہ کوئی قوت اسے رکوا چکی ہوتی۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں کسی ایک سیاسی جماعت کے بجائے ریاست کو بچانے اور مضبوط بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو بھی مشورہ دیا کہ وہ کسی پیشگی شرط کے بغیر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرے۔ یہ پی ٹی آئی کے لیے ریاست کے ساتھ اپنے معاملات بہتر بنانے کا ایک بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف چاہیں تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرکے نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کرانے کی منظوری حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سمجھدار سیاستدان ہیں اور معاملات کو آگے بڑھانے کے لیے مناسب وقت کی اہمیت سمجھتے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert