کراچی میں کثیر المنزلہ عمارت گرگئی، ایک شخص جاں بحق،10 زخمی، مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ

7 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے، چھیپا ذرائع


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے بلوچ کالونی کے قریب ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو سوسائٹی کے بلاک فور میں زیرتعمیر عمارت کی بالائی منزلیں گرگئیں جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے جب کہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیوحکام نے کہا کہ بلوچ کالونی،شاہراہِ فیصل کے قریب عمارت گرنے کی اطلاع پر کے ایم سی فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122 اور فلاحی تنظیموں کے نمائندے موقع پر روانہ ہو گئے، ہیوی مشینری بھی جائے حادثہ پر طلب کرلی گئی ہے۔


ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے تلے کئی گاڑیاں بھی دبی ہوئی ہیں۔
چھیپا حکام نے کہا کہ 6 منزلہ عمارت زیرتعمیر تھی، 20 کے قریب مزدور اندر ہونے کا بتایا جا رہا ہے جب کہ کلر کرنے والے بھی اتنے ہی بندے اندر موجود ہیں، ٹوٹل 40 سے 45 افراد بتائے جارہے ہیں جو یہاں کام کر رہے تھے۔
زخمی ہونے والوں کی شناخت 35 سالہ نادر حسین ولد علی نواز، 30 سالہ شوکت علی ولد لال خان عمر، 22 سالہ احمد ولد ظفر اقبال کے ناموں سے ہوئی جب کہ ایک نوجوان کی شناخت تاحال نہ ہوسکی۔
ترجمان ریسکیو 1122 سندھ نے کہا کہ اس کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے، ٹیم نے ملبے تلے سے ایک لاش اور ایک زندہ متاثرہ شخص کو نکال لیا ہے جب کہ ملبے تلے دبے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
جناح اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ تمام 10 زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، متاثرین کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں، متاثرہ افراد کی عمریں 17 سے 39 سال کے درمیان ہیں، تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، متاثرین کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایس پی ایسٹ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور عمارت کے اطراف سیکیورٹی و امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے پولیس اہلکار تعینات کردیے۔
ذرائع ایس بی سی اے نے کہا کہ مہندم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا۔
وزیراعظم کا عمارت گرنےکے واقعے میں شہری کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہبازشریف عمارت گرنے کے واقعے میں ایک شہری کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پرطبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عمارت گرنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ امدادی آپریشن مکمل کرنے کا حکم دیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کو نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور قریبی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے اسپتالوں کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہ برتنے کا حکم دیا۔
مہندم والی عمارت کا نقشہ بیسمنٹ گراونڈ پلس 1 منظور تھا، مبینہ طور پر ایس بی سی اے کی سرپرستی میں گراونڈ پلس 6 بنادیا گیا
رپورٹ کے مطابق عبداللہ شکیل نامی شخص کے نام نقشے کی منظوری ہوئی تھی پلاٹ رہائشی ہے، ایکسپریس نیوز کو پلاٹ کے نقشے کی منظوری کی کاپی مل گئی، مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا۔
ذرائع نے کہا کہ 10 مارچ 2026 کو نقشہ منظور ہوا تھا، 8 ماہ میں 6 منزلہ عمارت تعمیر کردی گئی، عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی، ایس بی سی اے کے افسران کی مبینہ سرپرستی میں عمارت تعمیر کی گئی۔
چیئرمین آباد محمد حنیف گوہر نے بلوچ کالونی کے قریب 6 منزلہ عمارت کے گرنے کے واقعے پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ واقعے میں ایک مزدور کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پر افسوس ہے، ریسکیو ادارے جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں تیز اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔
محمد حنیف گوہر نے کہا کہ کراچی میں عمارتوں کے حادثات انتظامی نگرانی کے نظام پر سنجیدہ سوالیہ نشان ہیں، عمارتوں کی حالت، تعمیراتی معیار اور حفاظتی انتظامات کی باقاعدہ جانچ ہونی چاہیے، عمارتوں کی تعمیر اور حفاظت کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ناگزیر ہے، انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہونی چاہیے، واقع میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
کمشنر کراچی نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ زیر تعمیر عمارت کا پانچواں یا چھٹا فلور گرنے کا واقعہ پیش آیا، عمارت کی تعمیر کی اجازت صرف گراؤنڈ پلس ون تک تھی، عمارت میں اجازت سے زائد منزلیں تعمیر کی جا رہی تھیں، عمارت کی غیر قانونی تعمیر کے حوالے سے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے نوٹسز بھی جاری کیے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مطابق جوڈیشل پروسیڈنگز کی وجہ سے عمارت کے خلاف مزید کارروائی آگے نہ بڑھ سکی، عمارت گرنے کے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 15 مزدور کام کر رہے تھے، ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے بیشتر افراد کو زندہ حالت میں نکال لیا ہے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ عمارت گرنے کے واقعے کی تفصیلی انکوائری کی جائے گی، واقعے میں جو بھی افراد ملوث پائے گئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، غفلت اور خلاف ورزی کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی، عمارت کی غیر قانونی تعمیر اور متعلقہ اداروں کی کارروائی میں تاخیر کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert