لاکھوں مہمان، 500 باورچی، کئی کلومیٹرز تک ٹریفک جام، یہ شادی ہے یا میلہ؟

بہار (قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست بہار کے بااثر سیاست دان اور رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی میں لاکھوں افراد ان کے آبائی گاؤں نادوان پہنچ گئے۔ لوگوں کے غیر معمولی رش کے باعث سڑکوں پر تقریباً 10 کلومیٹر تک ٹریفک جام ہو گیا جب کہ شادی کی مرکزی تقریبات میں شامل ایونٹ کو بھی ملتوی کرنا پڑا۔
بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹو ڈے کے مطابق اننت سنگھ نے اپنی بیٹی شیوانگی کی شادی میں شرکت کے لیے سب کو شرکت کی کھلی دعوت دی تھی۔
اس دعوتِ عام کے نتیجے میں گاؤں کی جانب آنے والی مرکزی سڑک کے علاوہ اطراف کی سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، جس سے گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی نقل و حرکت رک گئی۔
ٹریفک میں پھنسنے والوں میں عام لوگوں کے علاوہ دلہا بھی شامل تھا جسے بارات لے کر دلہن کے گھر پہنچتے رات ہوگئی۔
لاکھوں افراد کے لیے 500 باورچی
تقریب کے میزبان رکن اسمبلی اننت سنگھ کے مطابق شادی میں چار لاکھ سے زائد افراد کے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں نچھاور کیے گئے نوٹوں کو جھاڑو کے ذریعے سمیٹتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق شادی میں آئے لاکھوں مہمانوں کے لیے کھانے کی تیاری کے لیے تقریباً 500 باورچیوں اور دیگر کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئیں جب کہ 300 سے زائد مقامات پر کھانا تیار کرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔
شادی کے کھانے میں روایتی بہاری پکوانوں کے علاوہ مختلف اقسام کے کھانے اور مٹھائیاں شامل تھیں۔ مینو میں رس گلے، گلاب جامن، راج بھوگ، کالا جامن، مالپوا، جلیبی، گاجر کا حلوہ اور مکھانے کی کھیر سمیت کم از کم آٹھ اقسام کی مٹھائیاں رکھی گئی تھیں۔
اس کے علاوہ بہار کا مشہور پکوان لِٹّی چوکھا، چاٹ، گول گپے، آلو ٹکی، ڈوسا، چِلا اور چاؤمین بھی مہمانوں کے لیے تیار کیے گئے۔
کھانے میں کشمیری پلاؤ، سبزیوں کے چار مختلف پکوان اور لچھا پراٹھے سمیت مختلف اقسام کی روٹیاں بھی شامل تھیں۔
شادی کے لیے جے پور کے محل کی طرز پر پھولوں سے سجا ایک بڑا پنڈال تیار کیا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ، چین اور تھائی لینڈ سے منگوائے گئے پھول استعمال کیے گئے، جبکہ وی آئی پیز اور عام مہمانوں کے لیے الگ انتظامات موجود تھے۔
شادی کی تقریبات میں گھڑ دوڑی کا مقابلہ سب سے زیادہ توجہ کا مرکز رہا جسے دیکھنے کے لیے ایک لاکھ سے زائد افراد جمع ہوئے، اس دوران درجنوں افراد بجلی کے کھمبوں پر چڑھ کر ان ریس سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے۔
تماشائیوں کی غیر معمولی تعداد اور حفاظتی خدشات کے باعث منتظمین نے مقابلہ روک دیا اور میدان خالی کرانے کا عمل شروع کردیا۔
رپورٹ کے مطابق مقابلے کے فاتح کو گاڑی جب کہ پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعام میں بالترتیب موٹر سائیکل اور اسکوٹر ملے گا۔
