ملک کے دیگر شہروں میں ترقی ہوسکتی ہے تو کراچی میں کیوں ترقی نہیں ہوتی، حافظ نعیم

کراچی(قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں میں ترقی ہوسکتی ہے تو کراچی میں کیوں ترقی نہیں ہوتی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے خصوصا کراچی میں ڈینگی وائرس پھیلا ہوا ہے، اسپتالوں کی صورتحال انتہائی خراب ہے کہ بستر تک نہیں مل رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ عباسی اسپتال کے ایم سی کے ماتحت ہے اور لوگ زمین پر پڑے ہوئے ہیں، عباسی میں گندگی اور غلا ظت ہے یہاں کوئی فنڈنگ ہوتی ہے تو کہاں لگتی ہے؟

انہون نے کہا کہ شہر قائد میں ڈینگی کے یومیہ کیسز 4 ہزار ہیں، ڈینگی کی وبا بہت پھیلی ہوئی اس کے جواب میں اقدامات کچھ نہیں ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اسپرے بھی نہیں کرسکتی، صرف 25 مشینیں اسپرے کے لئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم الخدمت کے تحت پورے شہر میں اسپرے کی بہت بڑی ڈرائیو شروع کررہے ہیں، اگر امن اوامان قائم کرنے والے اداروں نے کوئی اقدام نا کیا تو بہت بڑا احتجاج کرینگے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ اسٹریٹ کرائم اس حد تک بڑھ گئے ہیں کہ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، 25 سال سے پیپلز پارٹی اقتدار میں ہے لیکن نا صحت نا سڑکیں نا،امن وامان ہے، ان لوگوں نے کیا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی میں مافیاز سے لڑرہی ہے، جب ملک کے دیگر شہروں میں ترقی ہوسکتی ہے تو کراچی میں کیوں ترقی نہیں ہوتی۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ 15 سال میں پیپلز پارٹی نے کوئی کام نہیں کیا اس لیے اب 23 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات 22 یا 24 اکتوبر کو منعقد کیے جائیں۔