میرا مؤکل بہت طاقتور ہے اگر اپنی پر آ جائے تو اینٹ سے اینٹ بجا سکتا ہے، گورنرسندھ
کراچی (قدرت روزنامہ)گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ میرے پاس مؤکل ہے اس کے ساتھ مل کر طے کرلیا ہے کوئی کسی پر الزام نہیں لگائے گا، میرا مؤکل بہت طاقتور ہے اگر اپنی پر آ جائے تو اینٹ سے اینٹ بجا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ میرے مؤکل عوام ہیں، اگر وہ کچھ کرنے پر آجائیں تو بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام’’جرگہ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ میں مڈل کلاس کا آدمی ہوں، ان حالات میں خرچے ہی پورے نہیں ہوتے، اس وقت کراچی بخشش پر چل رہا ہے، مقتدر حلقے اس وقت کسی قسم کی سیاست میں ملوث نہیں، وقت کی ضرورت ہے ہم سب متحد ہوں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ضمنی الیکشن میں 10 فیصد سے زائد ووٹ نہیں پڑے، کراچی کا ووٹر ناراض ہے، اس لیے ووٹ کیلئے نہیں نکلا، ماضی میں ایم کیو ایم کا مینڈیٹ چھین کر پی ٹی آئی کو دیا گیا، 2018 میں بھی کہا تھا ان کو لا تو رہے ہیں لیکن کچھ ڈیلیور نہیں کریں گے، فواد چوہدری صاحب کو اندازہ ہی نہیں ہے کہ وہ رن آؤٹ ہو چکے ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ میں بانی ایم کیو ایم سے زندگی میں کبھی نہیں ملا، ریاست مخالف عناصر کے خلاف میں ملک کے ساتھ کھڑا ہوں گا، لوگوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا یہ آخری موقع ہے، ایک ہی ایم کیو ایم ہے جس میں سب لوگ بیٹھیں گے، سب کا اتفاق ہوچکا ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ خالد مقبول صدیقی نے کئی بار ایم کیو ایم چھوڑنے والوں کو واپسی کی دعوت دی، ایم کیو ایم پاکستان میں جو بھی آئے گا ہم اس کو عزت و احترام دیں گے، خالد مقبول ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ہیں اور رہیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عشرت العباد کی الگ سے شناخت نہیں، وہ واپس آکر کام کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں، آفاق احمد نے ابھی تک ایم کیو ایم کے ساتھ چلنے کے جذبے کا اظہار نہیں کیا۔