ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے، بلاول بھٹو


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم سے درخواست ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصّہ لیں، امید ہے ایم کیوایم الیکشن میں حصّہ لے گی۔اپنے حالیہ بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں تاکہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں کام کریں، ایم کیو ایم ایک پرانی جماعت ہے اُسے سیاسی میدان میں اترنا چاہیے، امید ہے ایم کیو ایم الیکشن میں حصہ لے گی، اس وقت ہمارا فوکس اس وقت انتخابات ہر ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ عوام بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنے ووٹ کے حق کو استعمال کریں اور بلدیاتی نمائندوں کو منتخب کریں۔ بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ عمران خان خدمت کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کی سوچ رہے ہیں۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے، چاہتے ہیں کل سب اپنے لوگوں کو نکالیں، جو بھی الیکشن میں کامیاب ہوا پیپلزپارٹی ملکر کام کرے گی، چاہتے ہیں کراچی کا کوئی علاقہ ایسا نہ ہو جہاں ہمارا اتحاد قائم نہ ہو۔
قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کارکنان اور عوام کے نام جاری پیغام میں کہا کہ آپ لوگ باہر نکل کر ووٹ دیں اور بلدیاتی انتخابات میں اپنا فریضہ پورا کریں۔ آصفہ بھٹو نے کہا کہ پی پی واحد جماعت ہے جو انسانی حقوق اور برابری پر یقین رکھتی ہے، کراچی ہم سب کا شہر ہے، کراچی شہر کی ترقی و خوشحالی کے لئے 15 جنوری کو تیر کے نشان پر ووٹ دے کر پی پی کو کامیاب کریں۔
دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا 15 جنوری کو کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دینے کے حوالے سے کراچی کے عوام کے لئے پیغام جاری کیا۔ جس میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دے کر کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کے سفر کو مزید تیز اور بہتر کیا جاسکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہوگا کیونکہ صوبائی حکومت پیپلز پارٹی کی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدواروں کے پاس اختیارات نہ ہونے کا رونا بھی نہیں ہوگا، کراچی کے عوام ” تیر” کے نشان پر پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔