کراچی، 15 ملین روپے مالیت کا غیر قانونی اسمگل شدہ ایرانی تیل برآمد


کراچی(قدرت روزنامہ) سندھ رینجرز، پولیس اور کسٹم نے نادرن بائی پاس کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 15 ملین روپے مالیت کا غیر قانونی اسمگل شدہ ایرانی تیل برآمد کر لیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان رینجرز، سندھ پولیس اور کسٹم انفورسمنٹ کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر نادرن بائی پاس پر واقع فاسٹ آئل بلوچ فلنگ اسٹیشن پر مشترکہ کارروائی کی گئی، مذکورہ فلنگ اسٹیشن کے لیے 5 مزدہ ٹرکوں کے ذریعے 55ہزار لیٹر غیرقانونی ایرانی تیل اسمگل کیا جا رہا تھا۔
دوران کارروائی 100 سے زائد افراد کی جانب سے کسٹم حکام پر پتھراؤ بھی کیا گیا، پتھراؤ کے نتیجے میں مزدہ ٹرک موقع سے فرار ہوگئے۔ پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا اور زیر زمین بنائے گئے ٹینکوں سے مطلوبہ غیر قانونی ایرانی تیل کو قانونی کارروائی کے لیے 5 آئل ٹینکرز کے ذریعے کسٹم کلکٹریٹ ہاؤس منتقل کیا جا رہا ہے، غیرقانونی اسمگل شدہ ایرانی تیل کی قیمت تقریباً 15 ملین روپے بنتی ہے۔
پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے منشیات کی روک تھام اور اسمگلنگ کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، برآمد شدہ ایرانی تیل مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نےعوام سے اپیل ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔