اسٹیٹ بینک نے 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیئے


نئےنوٹوں پرقائداعظم محمد علی جناح اورمحترمہ فاطمہ جناح کی تصاویرنمایاں ہیں
کراچی (قدرت روزنامہ)اسٹیٹ بینک نے 10 روپے سے 5 ہزار روپے تک نئے نوٹوں کے ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیئے ہیں ۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اسٹیٹ بینک نے 10 روپے ، 500 روپے ، 5 ہزار روپے کے کرنسی نوٹ کے دو ڈیزائن شارٹ لسٹ کر لیئے ہیں جن میں سے ایک کی منظوری بعد میں دی جائے گی ۔ نئے نوٹوں پر قائداعظم محمد علی جناح اور محترمہ فاطمہ جناح کی تصاویر نمایاں ہیں، نئے کرنسی نوٹوں کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کر کے دسمبر تک جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 21 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کرلیں گے ، اسکے بعد باقاعدہ منظوری سے یہ نوٹ جاری کیے جائیں گے، نئے کرنسی نوٹوں میں سیکیورٹی فیچر زیادہ رکھے جا رہے ہیں۔، گورنر نے کہا کہ ہم پلاسٹک کرنسی کو ٹیسٹ کریں گے عوامی قبولیت ہوئی تو جاری کریں گے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقابلے کے فاتحین کا بھی اعلان کیا، جس میں کئی فنکاروں نے اپنی شاندار تخلیقات کے لیے پوزیشن حاصل کی ۔ 10 روپے کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کا پہلا انعام ڈاکٹر شیری عابدی کو دیا گیا، جبکہ مسٹر مرزا سفیان کو دوسری پوزیشن حاصل ہوئی۔ دیگر قابل ذکر فاتحین میں 20 روپے کے نوٹ کے لیے مسٹر ہارون خان اور 100 روپے اور 5000 روپے کے نوٹوں کے لیے محترمہ میمونا افضل شامل ہیں، جنہوں نے دونوں کیٹیگریز میں پہلا انعام حاصل کیا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مقابلے میں حصہ لینے والے مقامی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ نئے ڈیزائن اس وقت بین الاقوامی ڈیزائنرز کے جائزے میں ہیں، جو نئے بینک نوٹوں کی حتمی شکل دیں گے۔