سانگھڑ میں دریافت تیل و گیس کے کنویں سے پیداوار شروع


’’بلوچ 2‘‘کنویں سے 350 بیرل یومیہ تیل اور 50 لاکھ ایم ایم ایس سی ایف ڈی یومیہ گیس کی پیداوار حاصل کی جارہی ہے، ترجمان
سانگھڑ (قدرت روزنامہ)صوبہ سندھ کے شہر سانگھڑ میں بلوچ ٹو کنویں سے دریافت تیل و گیس کے ذخائر کو فعال کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق او جی ڈی سی ایل کو مسلسل کامیابیاں مل رہی ہیں اور اب ملکی معیشت کے لیے ایک اور اچھی خبر سامنے آئی ہے صوبہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں تیل اور گیس کے جو ذخائر دریافت ہوئے تھے وہاں سے پیداوار شروع کردی گئی ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی ایل کے مطابق سمبار فارمیشن میں دریافت شدہ ’’بلوچ 2‘‘ کنویں کو سنجھورو بلاک میں پیداوار کے لیے فعال کر دیا گیا ہے،’’بلوچ 2‘‘ کنویں سے اگست 2024ء کو 3920 میٹر تک کھدائی کے بعد تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔
او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق ’’بلوچ 2‘‘کنویں سے 350 بیرل یومیہ تیل اور 50 لاکھ ایم ایم ایس سی ایف ڈی یومیہ گیس کی پیداوار حاصل کی جارہی ہے، ’’بلوچ 2‘‘کنویں کی دریافت سے علاقے میں خوشحالی اور ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔