چینی کی قیمتوں میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے، محمود مولوی نے اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)سابق رکن قومی اسمبلی محمود مولوی نے چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی اصل وجہ سے پردہ اٹھا دیا ہے۔
اپنے ایک اخباری بیان میں سابق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزوں، اسٹاکسٹس اور مڈل مین کی ملی بھگت کے باعث چینی کی قیمتیں بے قابو ہو چکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں چینی کی وافر پیداوار ہونے کے باوجود عوام کو مہنگی چینی خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے، جس کی بنیادی وجہ گوداموں میں چینی کا ذخیرہ کر کے مصنوعی قلت پیدا کرنا ہے۔
محمود مولوی کا کہنا تھا کہ یہ عناصر عوام کو ناجائز منافع خوری کے جال میں پھنسانے کے لیے چینی کے ذخائر کو روکے بیٹھے ہیں، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ چینی کی برآمد کوئی مسئلہ نہیں، بلکہ ذخیرہ اندوزی اصل بحران کی وجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ شوگر ملز کے اسٹاک، پیداوار اور ڈیلیوری آرڈرز کا تفصیلی جائزہ لیں تاکہ اس بحران کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر چینی کی تقسیم اور ترسیل کے عمل کی شفاف نگرانی کی جائے تو ملک میں چینی درآمد کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ عوام کو سستی اور وافر چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔