خود انصاف کا رجحان،کراچی کی عوام نے ڈاکو کو انجام تک پہنچا دیا

کراچی(قدرت روزنامہ)شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قذافی چوک کے قریب مشتعل عوام نے ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے شخص کی عمر تقریباً 35 سال بتائی جاتی ہے تاہم اس کی شناخت فوری طور پر ممکن نہ ہو سکی۔ شہریوں کے مطابق مذکورہ شخص علاقے میں اسلحے کے زور پر واردات کی کوشش کر رہا تھا کہ مقامی افراد نے اسے دبوچ لیا۔
مشتعل ہجوم نے مبینہ طور پر اسے لاٹھیوں، مکوں اور پتھروں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کے رضا کار موقع پر پہنچے اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں لاش کو شناخت کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ورثا کی تلاش جاری ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور قریبی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کے بجائے ایسے واقعات کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
واضح ہے کہ کراچی میں گزشتہ تین برسوں میں شہر میں 55 مشتبہ افراد کو عوامی غصے کا نشانہ بنایا گیا، جن میں سے بیشتر کو تشدد کے ذریعے ہلاک کیا گیا۔
کراچی کی عوام نے 2022 میں 15 مشتبہ افراد کو ہلاک کیا جبکہ 2023 میں 20 ڈاکوؤں کو اپنے انجام تک پہنچایا جبکہ 2024 میں 20 اسٹریٹ کرمنلز عوام غضب کا نشانہ بنے۔
ان واقعات میں عوامی غصے اور پولیس پر عدم اعتماد کے باعث قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔