شہری ہوشیار! کراچی میں سورج آج آگ برسائے گا، درجہ حرارت کتنا متوقع؟


کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی جمعرات کو شدید گرمی کی لپیٹ میں رہا جہاں درجہ حرارت 38.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا اور فوری طور پر کسی ریلیف کی امید نظر نہیں آتی جبکہ آج شہر میں مزید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعہ کے روز درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ اس دوران تیز ہواؤں کے جھکڑ بھی چلنے کا امکان ہے۔
اپنی تازہ ترین ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دو روز تک سمندری ہوائیں جزوی طور پر معطل رہیں گی جس سے شہر میں پہلے سے موجود شدید گرمی مزید بڑھ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کی دوپہر ایک بجے “محسوس ہونے والا درجہ حرارت51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جس کی ایک بڑی وجہ ہوا میں نمی کا تناسب تھا جو 42 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
شہر بھر میں مغربی سمت سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے جو دن کے وقت کی گرمی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں اور شہریوں کے لیے ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا کر سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے اس بات کی بھی نشاندہی کی ہے کہ مئی کا مہینہ تاریخی طور پر کراچی کے لیے سب سے گرم مہینوں میں سے ایک ہے اور یہ شہر اکثر اس دوران جنوبی ایشیا کے گرم ترین شہری علاقوں میں شامل ہو جاتا ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ سے بچاؤ کے تمام ممکنہ اقدامات اختیار کریں کیونکہ آنے والے دنوں میں گرمی سے متعلق بیماریاں ایک سنجیدہ خطرہ بن سکتی ہیں۔