پاکستانی حج مشن کی دیانتداری، 4ہزار ریال سے زائد گم شدہ رقم عازمِ حج کے حوالے کردی

رقم کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً سوا تین لاکھ روپے بنتی ہے، جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم نگران کو یہ بیلٹ ملی، تاہم اس میں کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھا، جس کے بعد امانت کو محفوظ انداز میں مکہ مکرمہ منتقل کر دیا گیا، حکام


جدہ(قدرت روزنامہ) پاکستانی حج مشن نے دیانتداری کی مثال قائم کرتے ہوئے گم شدہ رقم پاکستانی عازمِ حج کے حوالے کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی حج مشن نےایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے جدہ ایئرپورٹ پر گم ہونے والی چار ہزار تین سو آٹھ سعودی ریال کی رقم ایک پاکستانی عازمِ حج کو واپس کر دی۔ مکہ مکرمہ میں ’گم شدہ اشیا مرکز‘ کے شفٹ نگران رانا مجاہد کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے عازمِ حج عثمان شاہد سعودی فضائی پرواز کے ذریعے جدہ پہنچے تھے جہاں ان کی احرام والی بیلٹ گم ہو گئی تھی۔
بیلٹ میں موجود 4308 سعودی ریال کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً سوا تین لاکھ روپے بنتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدہ ایئرپورٹ پر تعینات پاکستانی حج مشن کے ٹیم نگران حیدر علی کو یہ بیلٹ ملی، تاہم اس میں کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھا، جس کے بعد امانت کو محفوظ انداز میں مکہ مکرمہ منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں عثمان شاہد نے مکہ پہنچ کر گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
دی گئی نشانیوں، رقم کی تفصیلات اور دیگر معلومات کی تصدیق کے بعد رقم اور بیلٹ ان کے حوالے کر دی گئی۔ رقم واپس ملنے پر عازمِ حج نے پاکستانی حج مشن، حکومتِ پاکستان اور سعودی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رقم گم ہونے پر وہ شدید پریشان تھے مگر عملے کے تعاون سے مسئلہ حل ہو گیا۔ رانا مجاہد کا کہنا تھا کہ پاکستانی حج مشن عازمینِ حج کی سہولت اور ان کے مسائل کے بروقت حل کیلئے متحرک ہے، جبکہ عازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی قیمتی اشیا کی حفاظت یقینی بنائیں اور کسی بھی گمشدگی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ مرکز کو آگاہ کریں۔

WhatsApp
Get Alert