میرپور کیلئے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ، ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کرتی ہوں: مریم نواز

میرپور(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ میر پور کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ اور انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا وعدوں کرتی ہوں۔
میرپور میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے مظفرآباد میں خود کو ’ کشمیر کی بیٹی‘ کہا تھا، جس پر بعض لوگوں کو تکلیف ہوئی، حالانکہ ان کے دادا، دادی، نانا اور نانی سب کشمیری تھے، اس لیے وہ دل اور روح سے خود کو کشمیری سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میرپور آ کر ٹوٹی ہوئی سڑکیں دیکھ کر دکھ ہوا، کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کو روشن کیا، اب وقت آ گیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی اور خوشحالی کے چراغ جلیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ کیا ہے اور وہ جب بھی وعدہ کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اگر کوئی کمی ہے تو وہ ترقیاتی منصوبوں، اورنج لائن، گرین بس، جدید ہسپتالوں، مفت ادویات کی گھر گھر فراہمی، راشن کارڈ اور ہمت کارڈ جیسی عوامی سہولیات کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کمی صرف وہ قیادت پوری کر سکتی ہے جسے عوام نے بار بار خدمت کا موقع دیا اور جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف اور ان کی حکومتوں کے خلاف متعدد سازشیں کی گئیں لیکن عوام کی حمایت کی بدولت وہ سیاسی میدان میں قائم رہے، نواز شریف کے ترقیاتی منصوبے نکال دیے جائیں تو آزاد کشمیر میں بہت کم ترقیاتی کام باقی رہ جائیں گے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب حکومت لینی ہوتی ہے تو سب اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن جب عوامی مسائل حل کرنے کی بات آئے تو ذمہ داری وفاق پر ڈال دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن سڑکوں پر لوگ آج سفر کر کے جلسے میں آئے ہیں وہ بھی نواز شریف کی حکومت نے تعمیر کرائی تھیں۔

مریم نواز نے مزید اعلان کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابات میں کامیابی کے بعد آزاد کشمیر کو جدید سفری، طبی اور فلاحی سہولیات فراہم کرے گی جب کہ میرپور کے عوام کے لیے 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ بھی دیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert