سرفراز بگٹی سے نئے آئی جی پولیس بلوچستان کی ملاقات، تخریب کاری کیخلاف بھر پور معاونت فراہمی کی یقین دہانی
سرفراز بگٹی نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ کو اپ ڈیٹ کرکے تمام تھانوں کے مابین فوری رابطہ کاری کو فعال کیا جائے، پولیس کے تربیتی کورسز کو حالات حاضرہ سے ہم آہنگ کرکے تفتیش کے عمل کو بہتر بنایا جائے . وزیر اعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس کو ہدایت کی کہ تفتیش کے عمل کو بہتر بناکر تخریب کاری اور جرائم میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے ، پولیس کو مطلوب تمام وسائل فراہم کریں گے، کارکردگی کا بھی مستقل جائزہ لیں گے . انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے خاتمے کیلئے سی ٹی ڈی کا متحرک کردار باعث اطمینان ہے، سی ٹی ڈی کو مزید فعال کرنے کے لئے وسائل فراہم کریں گے، بلوچستان پولیس کو ہر طرح کے دباؤ سے آزاد کر کے آزادانہ ماحول میں ان کی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے کا ماحول فراہم کر رہے ہیں . سرفراز بگٹی نے کہا کہ پولیس اور عوام کے مابین اعتماد کی فضا کی بحالی کیلئے پولیس مثالی برتاؤ کا عملی مظاہرہ کرے، تخریب کاری کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پولیس کو پوری معاونت فراہم کریں گے . . .