رواں سال بھی سردی طویل رہنے کا امکان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بتایا ہے کہ لاہور میں اس موسم سرما میں برفباری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے موسمیاتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال درجہ حرارت میں کمی آئی ہے، تاہم پنجاب میں بارش کا حجم کافی کم رہا ہے۔ رواں سال دسمبر میں پنجاب میں صرف 2.5 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ گزشتہ سال کے 11.2 ملی میٹر کے مقابلے میں 75 فیصد کم ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب میں شدید دھند بھی ایک بڑا چیلنج ہے اور جب تک بارش نہیں ہوتی، دھند کی صورتحال میں بہتری نہیں آ سکتی۔
مری اور گلیات میں 17 اور 18 جنوری کے بعد بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال سردی کا موسم معمول سے طویل رہا تھا اور رواں سال بھی شدید سردی دیر سے شروع ہونے کے باعث طویل رہنے کا امکان ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کلائمیٹک پیٹرن تبدیل ہو رہا ہے اور مارچ یا اپریل کے آغاز تک سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ 17 سے 18 جنوری کے بعد موسم کی شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
