منشیات برآمدگی کاکیس، عدالت نےگرفتار ملزمہ انمول کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں منشیات برآمدگی اور غیر قانونی اسلحہ کے کیس میں پولیس نے گرفتار ملزمہ انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیش کردیا، عدالت نے ملزمہ کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کوپروٹوکول دینےکا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان سے فوری رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے واقعےکی شفاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے سوال کیا کہ ملزمہ کو پروٹوکول کیسے دیا گیا؟ ذمہ دار اہلکار وضاحت پیش کریں، انہوں نے ملزمہ کو پروٹوکول فراہم کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فوری کارروائی کا بھی حکم دیدیا۔
ضیاءلنجار نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثر کرنے والوں کےخلاف ایکشن لیا جائے گا، عدالتوں میں ملزمان کو غیر ضروری پروٹوکول دینا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، سندھ حکومت قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
ترجمان پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعےکی مفصل ابتدائی رپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کردی۔ غفلت،کوتاہی کےمرتکب تفتیشی افسر، عملے کو فوری معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ واقعےکی شفاف تحقیقات کےلیے سنیئر افسر تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ ایڈشنل آئی جی خود اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے، ملوث اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی، کمیٹی جلد از جلد ذمہ داروں کا تعین یقینی بنائےگی۔
کراچی پولیس چیف نے بھی ملزمہ کو بغیر ہتھکڑی عدالت میں پیش کرنےکا نوٹس لیتے ہوئے واقعےکی انکوائری کی ہدایت کردی۔
کراچی پولیس چیف آزاد خان نے واضح کیاکہ قانون اور ایس او پیز کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، پولیس کے تمام افسران و اہلکار قواعد و ضوابط کے پابند ہیں۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ بغیر ہتھکڑی ملزمہ کی پیشی پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں گارڈن پولیس نے آج کامیاب کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش خاتون کو گرفتار کیا تھا۔
پولیس کا دعویٰ ہےکہ ملزمہ انمول عرف پنکی سے پستول،کروڑوں روپے مالیت کی کوکین، کیمیکلز اور دیگر نشہ آور اشیا برآمد کی گئیں۔
پولیس کے مطابق انتہائی مطلوب اور 10 مقدمات میں مفرور ملزمہ شہر میں منشیات ڈیلنگ و سپلائی کے نیٹ ورک کو آپریٹ کررہی تھی۔
ملزمہ آن لائن منشیات کو مخصوص رائیڈرز کے ذریعے سپلائی کرتی تھی، اس کے علاوہ وہ خواتین رائیڈرز کا بھی استعمال کرتی تھی۔
