وفاقی حکومت کا گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ کا سولر منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان میں 100میگاواٹ کا سولر منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جہاں متعلقہ حکام نےگلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کی سرکاری عمارتوں کے لیے 18 میگاواٹ شمسی توانائی کا منصوبہ ہے جو دسمبر2026 تک مکمل ہوگاجب کہ گلگت، اسکردو، چلاس اورخپلو میں گھروں کے لیے 82 میگاواٹ کے شمسی توانائی منصوبے پربھی کام جاری ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز، منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے اور منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت جی بی کےعوام کے لیے 100میگا واٹ شمسی بجلی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائےگی۔

WhatsApp
Get Alert