ایرانی پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کا اعلان

تہران (قدرت روزنامہ)ایرانی پاسداران انقلاب کا آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لبنان پر حملہ کرنے پر ایران نے ردعمل میں آبنائے ہرمز بند کرنے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی سینٹرل ملٹری کمانڈ نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس نے جنوبی لبنان پر اسرائیل کے حملوں پر آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے اور انہیں امریکا کے ساتھ ایران کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈ کوارٹر نے ٹی وی کے ذریعے جاری کردہ بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں کی آمد و رفت کیلیے بند کر دیا جائے گا، واضح رہے کہ یہ پہلا قدم دشمن کے وعدے کی خلاف ورزی کا جواب ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اگر جارحیت جاری رہی تو مزید اقدامات کی منصوبہ بندی کی جائے گی اور دشمن کو اپنی ذمہ داریوں کی تعمیل پر مجبور کرنے کیلیے اٹھائے جائیں گے۔
دوسری جانب ایران نے ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کے تحت امریکا کے ساتھ حتمی مذاکرات کیلیے وفد سوئٹرزلینڈ بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تصدیق کی کہ ایران کا وفد مذاکرات کیلیے سوئٹرزلینڈ جائے گا، مذاکراتی وفد کچھ دیر بعد یورپی ملک کیلیے روانہ ہوگا۔ اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایرانی وفد دوسرے فریق کے وعدوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کرے گا، ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں، لیکن دوسرا فریق بھی وعدوں کی پاسداری کرے، یہ لازمی ہے کہ صیہونی حکومت کو لبنان پر حملے بند کرنے پر مجبور کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے معاہدہ اس لیے نہیں کیا کہ اس پر عمل نہ ہو، اگر امریکا اپنے وعدوں پر عمل نہیں کرے گا تو ہم بھی ضروری اقدامات کریں گے۔
