جماعت اسلامی نے صوبائی دارالحکومتوں میں دھرنے دے دیئے

لاہور (قدرت روزنامہ) جماعت اسلامی پاکستان کے زیرِ اہتمام پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے اور پٹرولیم لیوی کے خلاف ملک کے تین بڑے صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور اور پشاور میں شدید احتجاج اور دھرنے جاری ہیں، حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں مال روڈ پر دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ دھرنا شروع ہوگیا ہے جب تک حکومت گھٹنے نہیں ٹیکے گی تب تک دھرنا ختم نہیں ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں خضرا مسجد سے جماعت اسلامی کی مرکزی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا جو کراچی پریس کلب روڈ سے ہوتی ہوئی گورنر ہاؤس کی جانب بڑھنے لگی، ریلی میں کارکنان اور شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی، انتظامیہ نے سیکیورٹی اور احتجاج کو روکنے کی خاطر گورنر ہاؤس جانے والے تمام اہم راستوں پر کنٹینرز لگا کر رکاوٹیں کھڑی کر دیں، رکاوٹوں کے باعث امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کی قیادت میں مظاہرین نے گورنر ہاؤس کے قریبی فوارہ چوک پر ہی پڑاؤ ڈال کر احتجاجی دھرنا دے دیا۔
بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بھی پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا شروع ہو گیا، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی وسطی خیبرپختونخواہ عبدالوسع نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم لیوی ایک مکمل ظالمانہ نظام ہے جس نے عام آدمی، کسانوں اور مزدوروں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، صرف گزشتہ مالی سال کے دوران وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 1205 ارب روپے کی بھاری رقم وصول کی، جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جماعت اسلامی نے چیئرنگ کراس پر باقاعدہ احتجاجی کیمپ قائم کردیا، جماعت اسلامی کے کارکنان مسجد شہدا سے مرکزی ریلی کی صورت میں نعرے بازی کرتے ہوئے چیئرنگ کراس پہنچے جہاں کارکنوں کا بڑا اجتماع موجود ہے، احتجاج کے پیشِ نظر پولیس کی بھاری نفری چیئرنگ کراس اور اطراف کی شاہراہوں پر تعینات کردی گئی، جماعت اسلامی کی قیادت کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر فوری کنٹرول کیا جائے اور پٹرولیم لیوی کو ختم یا اس میں نمایاں کمی لائی جائے۔
