سوراب میں امن و امان کی صورتحال پر اہم اجلاس، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، میر ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت سوراب میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں رکن بلوچستان اسمبلی میر ظفر زہری اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سوراب کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ علاقے میں امن برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ سوراب سمیت قومی شاہراہوں پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے کسی صورت بلوچ قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ ایسے عناصر کے اقدامات سے علاقے میں بدامنی پیدا ہوتی ہے اور عوام کے مفادات کو نقصان پہنچتا ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے مزید کہا کہ دشمن ممالک کو پاکستان، بالخصوص بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

وزیر داخلہ نے سوراب کے عوام پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کے خاتمے اور علاقے میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے باہمی تعاون سے امن و امان کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert