وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کرخ میں سیکیورٹی آپریشن پر پولیس اور ایف سی کو خراجِ تحسین، پانچ دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ضلع خضدار کے علاقے کرخ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران کامیاب کارروائی پر پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور ایف سی کی کامیاب کارروائی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بروقت انٹیلیجنس معلومات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ خضدار کے علاقے کرخ میں پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت امن دشمن عناصر کے خلاف ایک مؤثر کارروائی کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پولیس اور ایف سی کے جوان عوام کے تحفظ اور صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام کا تحفظ حکومت کا پختہ عزم ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مشترکہ حکمتِ عملی کی اہمیت کو واضح کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کا خاتمہ اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں۔ حکومت صوبے میں امن و استحکام کے تحفظ اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امن کے محافظوں کی خدمات اور قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
