امن و امان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے، محسن نقوی کا پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں کرانے کا اعلان

پشاور(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا، جبکہ 31 دسمبر کو نیو ایئر کا جشن بھی پشاور اسٹیڈیم میں منایا جائے گا۔ صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہورہی ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ مارچ میں پی ایس ایل شروع ہوگا، خیبر پختونخوا میں 12 سال بعد کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کی خواہش تھی کہ صوبے میں کرکٹ بحال ہو۔

انہوں نے کہا کہ جنوری کے وسط میں تین ٹیموں کا ٹورنامنٹ پشاور میں ہوگا، جس میں انڈر 19، پاکستان شاہینز اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں پر مشتمل مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ کرکٹ کی بحالی کے لیے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے پاکستان ٹیم کو زبردست کھلاڑی دیے ہیں، کرکٹ میں جو ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ ہم مل کر کام کریں گے اور امید ہے کہ خیبر پختونخوا میں اس کے نتائج سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں اور عوام کی مدد سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اپیکس کمیٹی میں ہمیں 160 ارب روپے کا بجٹ دیا گیا تھا۔ 60 ارب روپے میں سے 70 فیصد رقم 12 اضلاع میں خرچ کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ غیر قانونی مائننگ کرنے والوں کے لائسنس منسوخ کیے گئے ہیں۔ سونے کے حوالے سے غیر قانونی مائننگ ہو رہی تھی، جس کے پیش نظر مائنز کے ٹھیکوں سے متعلق قواعد و ضوابط مرتب کیے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ مائننگ سے حاصل ہونے والی 80 فیصد رقم بیرون ملک جا رہی تھی اور وہاں سے پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی تھی۔ غیر قانونی مائننگ کے معاملے کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بھی قائم کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert