50 لاکھ گلاب جامن، گھڑ دوڑ اور ہیلی پیڈ کا انتظام، بھارتی رکن اسمبلی کی بیٹی کی شاہانہ شادی کے چرچے

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست بہار کے رکن اسمبلی اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی کے لیے غیرمعمولی انتظامات، کیے جا رہے ہیں جس میں مہمانوں کی تواضع کے لیے 50 لاکھ گلاب جامن کی تیاری کے ساتھ گھوڑوں کی دوڑ بھی منعقد ہوگی جس کے فاتح کو قیمتی گاڑی انعام میں دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اننت سنگھ المعروف ’’چھوٹے سرکار‘‘ کی بیٹی شیوانگی کی شادی رشی کیش کمار سے 25 نومبر کو پٹنہ کے آبائی گاؤں لادما میں ہوگی جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
شادی کے مہمانوں کے لیے بڑے پیمانے پر باورچی خانہ قائم کیا گیا ہے جبکہ مٹھائیاں تیار کرنے کے لیے 10 ہزار کلوگرام کی گنجائش والے ٹینکروں کے ذریعے دودھ فراہم کیا جا رہا ہے اور مہمانوں کی میزبانی کے لیے مزید 12 خیمے بھی لگائے جا رہے ہیں۔
شادی کی تقریبات میں ملک بھر سے خصوصی نسل کے گھوڑے شرکت کریں گے، گھوڑوں کی دوڑ کے فاتح کو تھار گاڑی انعام میں دی جائے گی۔ اس کے علاوہ مہمانوں کی آمد کے لیے تقریب کے مقام پر ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
ایم ایل اے اننت سنگھ نے شادی کی تقریبات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہمانوں کے استقبال کے لیے تیار ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر شادی کے لیے اس قدر شاہانہ اخراجات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
