پی ٹی آئی کے لاپتا رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان گھر واپس پہنچ گئے

چارسدہ(قدرت روزنامہ)خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لاپتا رکنِ قومی اسمبلی فضل محمد خان گھر واپس پہنچ گئے۔

ہم نیوز کے مطابق فضل محمد خان کو 22 ستمبر کو اسلام آباد سے چارسدہ آتے ہوئے رشکئی انٹرچینج کے قریب سے مبینہ طور پر اغواء کیا گیا تھا۔

فضل محمد خان نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کر کے گھر واپسی کی تصدیق کی اور کہا کہ انہیں اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان ایک نامعلوم مقام پر چھوڑا گیا۔ دورانِ حراست کوئی سیاسی بات چیت کی گئی نہ ہی جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

فضل محمد خان نے مزید بتایا کہ وہ اغوا کرنے والوں کی شناخت اور اس کے پیچھے کارفرما وجوہات سے لاعلم ہیں ۔

فضل محمد خان کے مطابق مسلح افراد نے گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کر کے روکا اور اپنے ساتھ لے گئے تھے۔واقعے کا مقدمہ ان کے پرسنل اسسٹنٹ وقار احمد کی مدعیت میں تھانہ رسالپور، نوشہرہ میں درج کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اکرام کھٹانہ نے بھی رکن قومی اسمبلی فضل محمد خان کی گھر واپسی کی تصدیق کی تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ رکن قومی اسمبلی گزشتہ تقریباً 2 ماہ کہاں رہے اور ان کی واپسی کن حالات میں ہوئی؟

فضل محمد خان کے مبینہ اغوا کے بعد تحریک انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں مردان کے تھانہ شیخ ملتون کی حدود سے اغوا کیا تھا۔

رکن قومی اسمبلی کے لاپتا ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کیا تھا جبکہ ان کے اہل خانہ نے بازیابی کے لیے پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا تھا۔عدالت نے پولیس کو فضل محمد خان کا سراغ لگانے اور ان کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے فضل محمد خان نے 2024 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 25 چارسدہ ٹو سے کامیابی حاصل کی تھی۔

WhatsApp
Get Alert