این سی سی آئی اے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز، مزید بھرتیاں کی جائیں گی

سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے، ادارے کو مؤثر، فعال اور جدید بنانے کیلئے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے؛ وزیراعظم کی ہدایت، کمیٹی تشکیل دیدی گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی تنظیم نو کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کو ’پاکستان سائبر پولیس‘ میں تبدیل کرنے کی تجویز پیش کی گئی، وزیراعظم نے تنظیم نو کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، محمد اورنگزیب اور شزا فاطمہ خواجہ پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کر دیئے، کمیٹی رواں ہفتے کے آخر تک اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں این سی سی آئی اے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا، جب کہ ادارے کی تنظیم نو کے حوالے سے مختلف سفارشات پیش کی گئیں، اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ این سی سی آئی اے کو پاکستان سائبر پولیس میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے جس کے لیے میرٹ کی بنیاد پر بہترین افرادی قوت بھرتی کی جائے گی، سائبر کرائم کے ضمن میں نیشنل سکیورٹی کے لیے مخصوص نظام فعال ہو چکا ہے اور موجودہ نظام کے تحت سائبر کرائم کیسز کے حل کے لیے حتیٰ المقدور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو سائبر جرائم سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، سائبر کرائمز کی روک تھام اور تحقیقات کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور ادارے کو مؤثر، فعال و جدید بنانے کے لیے تنظیم نو کا عمل تیز کیا جائے، تنظیم نو میں اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، سائبر کرائم کے زیر التوا مقدمات کے جلد حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اس اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے این سی سی آئی اے کی تنظیم نو کی سفارشات کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ پر مشتمل یہ کمیٹی رواں ہفتے کے آخر تک اپنی حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert