لاہور(قدرت روزنامہ) پی ڈی ایم اے کی جانب سے پنجاب میں رواں ماہ ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے .
ترجمان کے مطابق 18 مئی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے .
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی ہے . اس کے علاوہ لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں .
پی ڈی ایم اے کے مطابق رواں ماہ درجہ حرارت اوسطاً 8 ڈگری تک بڑھنے کے امکانات ہیں . 21 سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے امکانات ہیں . موسم خشک اور درجہ حرارت نارمل سے 6 ڈگری زیادہ تک رہے گا .
حکام کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے . گرمی اور لُو کی شدت میں اضافے سے عوام کو بھی محتاط رہنا ہو گا . دوپہر کے وقت کام کرنے والے لُو سے بچنے کا اہتمام کریں . محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو اسٹاک کو بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے .