’ٹرمپ کا جہاز عمران خان کو لینے روانہ ہوگیا‘، ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر پاکستانیوں کے دلچسپ تبصرے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)صدارتی انتخابات کی دوڑ میں ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار کامیاب ہو کر امریکا کے 47 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ کسی بھی امیدوار کو جیت کیلئے 538 میں سے 270 الیکٹورل ووٹ درکار تھے جس میں اب تک ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین اس پر مختلف تبصرے کرتے نظر آئے، مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ بڑے بڑے میڈیا ادارے ٹرمپ کی عزت کو خراب کرتے رہے لیکن عوام نے سزا یافتہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا حکمران چن لیا۔
عاطف رؤف نے طنزاً لکھا کہ صدر منتخب ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا جہاز عمران خان کو لینے امریکا سے روانہ ہو گیا ہے۔
ایک صارف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آپ تب تک نہیں ہارتے جب تک آپ خود ہار نہیں مان جاتے، ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر منتخب ہو گئے اور انہوں نے انتھک محنت اور مشکلوں کا مقابلہ کرکے دکھا دیا کہ مقابلہ کر کے کس طرح جیت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
عائشہ علی بھٹا نے سوال کیا کہ امریکی اسٹبلشمنٹ کو ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات کی دوڑ سے باہر رکھنے کے لیے، حکومت بنانے اور گرانے کے لئے کسی جہانگیر ترین اور علیم خان کی مدد کی ضرورت نہیں پڑی؟
شاہد خان نے لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پورے نظام کو پیروں تلے روند کر واپس آ گیا عمران خان بھی جلد واپس آئے گا۔
کملا ہیرس کے مقابلے میں واضح برتری کے بعد ڈونلڈ ٹمپ نے اپنی وکٹری اسپیچ میں کہا ہے کہ امریکا نے ہمیں پہلے سے زیادہ کامیابی دی ہے، یہ حیرت انگیز سیاسی فتح ہے جو اس سے پہلی کسی کو نہیں ملی۔
امریکی صدارتی انتخابات سے جڑی اپنی سیاسی بقا کی جنگ کو ڈونلڈ ٹرمپ نے حیرت انگیز سیاسی تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سیاسی تحریک اس سے پہلے نہیں دیکھی گئی، انہوں نے واضح کیا کہ وہ سرحدوں کا کنٹرول بہتر بناتے ہوئے ملکی فلاح کا سوچیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر صدر منتخب ہونے پر امریکی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے امریکا کو دوبارہ عظیم بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ محفوظ امریکا کے لیے ہمیں سرحد بند کرنا ہوں گی کیونکہ امریکا میں لوگ قانونی طور پر آمد کے خواہاں ہیں۔