نواز شریف کا پیپلز پارٹی سے تنازع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی حمایت کا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے 2 روز قبل جاتی امرا لاہور میں نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان صوبائی سطح پر پیدا ہونے والی سیاسی کشیدگی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے تجویز دی کہ اگر مریم نواز اپنے بیانات میں نرمی اختیار کریں تو پیپلز پارٹی بھی محاذ آرائی سے گریز کرے گی۔
تاہم نواز شریف نے اپنی بیٹی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کے حالیہ بیانات پیپلز پارٹی کی غیرضروری تنقید کا جواب ہیں اور انہوں نے پنجاب کے عوام کی ترجمانی کی ہے۔
نواز شریف کے مؤقف کے بعد سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے ایک سخت پریس کانفرنس میں مریم نواز پر دوبارہ تنقید کی، جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
