تاجر رہنما عامر اعوان کے قتل میں منصور خان گینگ ملوث، ملزمان کو گرفتار کرلیا، طلال چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران تاجر کے قتل میں افغان باشندے بھی ملوث تھے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تاجر رہنما عامر اعوان کے قتل میں منصور خان گینگ ملوث ہے، جو بلٹ پروف جیکٹ والا گینگ کے نام سے مشہور ہے، اس واقعے کے بعد تاجر رہنماؤں کے تحفظات جائز تھے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد اور ان کی پوری ٹیم کو عامر اعوان قتل کیس میں ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے پر شاباش دی ہے۔ طلال چوہدری pic.twitter.com/aOvbQz9Maa
— WE News (@WENewsPk) March 31, 2026
انہوں نے کہاکہ تاجر کے قتل میں ملوث ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا گیا، اسلام آباد میں امن و امان کی صورت حال بہت بہتر ہے۔
انہوں نے کہاکہ گینگ کا تعلق خیبرپختونخوا سے ہے اور مقامی پولیس بھی ان سے ڈرتی ہے۔
طلال چوہدری نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں، اور وفاقی دارالحکومت پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں کوئی بھی ایسا کیس یا قتل کا واقعہ نہیں، جسے حل نہ کیا گیا ہو۔
چارسدہ سے منصور خان گینگ کا سرغنہ پکڑا گیا، آئی جی اسلام آباد
اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہاکہ واقعہ کی تحقیقات کے لیے 17 ٹیمیں تشکیل دی گئیں، اور پولیس جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
عامر اعوان قتل کیس؛ ملزمان کو ٹریس کرنے کیلئے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے 31 چھاپے مارے، جو اسلام آباد، راولپنڈی سمیت خیبرپختونخوا کے اضلاع مردان اور چارسدہ میں کئے گئے۔ کارروائی کے دوران گینگ کے سرغنہ منصور خان اور اس کے چار ساتھی گرفتار کر… pic.twitter.com/EflwuX13km
— WE News (@WENewsPk) March 31, 2026
پولیس سربراہ نے کہاکہ چارسدہ سے منصور خان گینگ کا سرغنہ پکڑا گیا، جس کے بعد کیس سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے مارگلہ ٹاؤن میں معروف بزنس مین کے قتل کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کی عمریں 20 سے 21 سال کے درمیان ہیں اور ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قتل کے واقعے میں ملوث ملزمان کو شہزاد ٹاؤن کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، جبکہ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ہونے والے افراد کچھ عرصہ قبل جیل سے رہا ہو کر آئے تھے۔
