وزیراعلیٰ کے ٹیلی ہیلتھ اقدام ’صحت دہلیز‘ سے 20 روز میں 8 ہزار 800 سے زائد مریض مستفید، مفت ادویات گھروں تک پہنچائی گئیں
7 نومبر کو ایک ہی دن میں ساڑھے 5 ہزار سے زائد کالز پر طبی مشاورت، کال ملنے کا اوسط وقت 57 سیکنڈ ریکارڈ: پی پی ایچ آئی بلوچستان کی رپورٹ

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے خصوصی ویژن اور صوبائی حکومت کے تعاون سے پی پی ایچ آئی بلوچستان (PPHI-B) کے زیرِ انتظام شروع کیے گئے ڈیجیٹل ٹیلی ہیلتھ پروگرام ’’صحت دہلیز‘‘ کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آ رہے ہیں، جس کے تحت صوبے کے دور دراز علاقوں کے باسیوں کو گھر بیٹھے ماہر ڈاکٹرز کی مفت طبی مشاورت اور ادویات کی فراہمی جاری ہے۔ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 20 روز کے دوران مجموعی طور پر 8 ہزار 815 شہریوں کو ٹیلی ہیلتھ سروسز فراہم کی گئیں، جبکہ 7 نومبر کو ایک ہی روز میں ریکارڈ 5 ہزار 528 مریضوں نے سروس کے ذریعے آن لائن معائنہ کرایا۔
رپورٹ کے مطابق مریضوں کے لیے کال کنیکٹ ہونے کا اوسط وقت محض 57 سیکنڈ رہا جبکہ ڈاکٹر کی تفصیلی مشاورت کا اوسط دورانیہ 7 منٹ 2 سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس جدید نظام کے تحت 86.8 فیصد مریضوں کو ان کی دہلیز پر مستند ادویات اور نسخے باقاعدگی سے پہنچائے گئے، جبکہ پیچیدہ کیسز میں مریضوں کو فوری طور پر تدریسی و بڑے اسپتالوں میں ریفر کیا گیا۔ پی پی ایچ آئی کے مطابق شہری گوگل پلے اسٹور اور ویب پورٹل sehat.pphib.org کے ذریعے اس مفت سروس سے باآسانی استفادہ کر سکتے ہیں۔
