ٹرمپ انتظامیہ کے 2 سال: خواتین اعلیٰ ترین عہدے کیوں چھوڑتی جا رہی ہیں؟

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)مڈ ٹرم انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی ناکامی کے اگلے ہی دن وائٹ ہاؤس کی چیف آف اسٹاف سوسی وائلز کا اچانک استعفیٰ اس فہرست میں نیا اضافہ ہے جس کے تحت رواں سال کے آغاز سے اب تک صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے متعدد اعلیٰ عہدیدار خواتین الگ ہو چکی ہیں۔

اپنی دوسری مدت کے آغاز پر 80 سالہ ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فخریہ انداز میں کہا تھا ’مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہماری کابینہ میں کسی بھی سابق ریپبلکن صدر کی تاریچ کے مقابلے میں سب سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔‘

اس وقت 20 سے زائد اعلیٰ ترین سرکاری عہدوں پر 8 خواتین فائز تھیں۔ تاہم، محض 18 ماہ بعد اب ان کی تعداد گھٹ کر صرف 3 رہ گئی ہے، جن میں سیکرٹری زراعت بروک رولنز، سیکرٹری تعلیم لِنڈا میک موہن اور سمال بزنس ایڈمنسٹریشن کی سربراہ کیلی لوفلر شامل ہیں۔

بہار کے موسم میں صرف 3 مہینوں کے دوران آدھی خواتین کو عہدوں سے برطرف کر دیا گیا۔ سب سے پہلے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نوم کو ہٹایا گیا، جو ٹرمپ کی سخت تر تارکینِ وطن پالیسی کا اہم چہرہ تھیں۔ اس کے بعد ٹرمپ کی اعلیٰ فیڈرل پراسیکیوٹر پام بونڈی، سیکرٹری محنت لوری شاویز ڈریمر اور ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس تلسی گبارڈ کو فارغ کیا گیا۔ سب سے تازہ پیشرفت میں مڈ ٹرم انتخابات میں شکست کے ٹھیک ایک دن بعد سوسی وائلز نے اپنے عہدے سے الگ ہونے کا اعلان کیا۔

دوہرا معیار اور سیاسی تنقید
گزشتہ بہار میں جب ڈیموکریٹ رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیج سے پوچھا گیا کہ اگلی باری کس کی ہے؟ تو انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ’کیا صدر کے پاس خواتین ختم ہو گئی ہیں؟‘ انہوں نے مزید کہا ’ایسا لگتا ہے کہ ٹرمپ صرف خاتون سیکرٹریز کو ہی برطرف کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر آپ ٹرمپ انتظامیہ میں مرد ہیں، تو ایسا لگتا ہے کہ غلط اقدامات پر بھی آپ کو انعام دیا جاتا ہے۔‘

کولوراڈو اسٹیٹ یونیورسٹی کی پروفیسر کارین واسبی اینڈرسن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرمپ، جو ماضی میں خوبصورتی کے مقابلے منعقد کراتے رہے ہیں، کے نزدیک خواتین کی اہمیت محض ظاہری نمائش تک محدود ہے۔ ان کا کہنا تھا ’ٹرمپ ایسی خواتین کو منتخب کرتے ہیں جن سے ان کا تاثر بہتر ہو سکے۔ جس لمحے ایسا ہونا بند ہوتا ہے، وہ خواتین کو باہر کا راستہ دکھا دیتے ہیں۔‘

پروفیسر اینڈرسن نے مزید کہا ’صدر ٹرمپ اب بھی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کا دفاع کر رہے ہیں، جبکہ اس بات پر تقریباً سبھی متفق ہیں کہ ایران جنگ ایک تباہ کن اقدام ثابت ہوئی ہے۔ یہ بات انتہائی اہم ہے کہ ٹرمپ سب سے زیادہ انہی مردوں کی حمایت کرتے ہیں جو ایک مخصوص قسم کی ‘میگا’ (MAGA) مردانہ سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔ صاف ظاہر ہے کہ ٹرمپ ایسے ہی مردوں کے درمیان خود کو پرسکون محسوس کرتے ہیں۔‘

ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کے مرد ارکان پر عوامی اور سیاسی سطح پر ہونے والی شدید تنقید کے باوجود ان کا ساتھ دیا ہے۔ انہی میں چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر شامل ہیں جن پر سخت سیکیورٹی پالیسیوں کی حمایت کا الزام ہے، اور ایف بی آئی ڈائریکٹر کیش پٹیل بھی جن پر وفاداری کا صلہ دینے کے لیے سرکار فنڈز کے مبینہ استعمال اور دیگر بے ضابطگیوں کے شدید الزامات عائد ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ میں برطرف ہونے والے واحد مرد اہلکار مائیک والٹز تھے، جنہیں مئی 2025 میں اس وقت قومی سلامتی کے مشیر کے عہدے سے ہٹایا گیا جب انہوں نے غلطی سے ایک صحافی کو اعلیٰ سطح کے اس میسجنگ گروپ میں شامل کر لیا تھا جہاں یمن پر امریکی حملوں پر بحث ہو رہی تھی۔ تاہم والٹز کو جلد ہی اقوام متحدہ میں امریکا کا سفیر مقرر کر دیا گیا۔

اس کے برعکس، جب بھی کسی خاتون کو عہدے سے الگ کیا گیا، ان کی جگہ بلا استثنیٰ کسی مرد ہی کو تعینات کیا گیا۔ پام بونڈی کے محکمہ انصاف چھوڑنے کے بعد ٹرمپ کے ذاتی وکیل ٹوڈ بلانچ نے یہ عہدہ سنبھالا۔ اسی طرح وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف کے اہم ترین اسٹریٹجک عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون سوسی وائلز کی جگہ اب انتہائی سخت گیر نظریات کے مالک اور ٹرمپ کے دیرینہ وفادار اسٹیفن ملر کو دے دی گئی ہے۔

پروفیسر اینڈرسن کا کہنا ہے کہ سوسی وائلز کی تقرری ٹرمپ کے لیے ایک الگ فیصلہ تھا کیونکہ انہیں ان کی قابلیت اور مہارت کی بنیاد پر لایا گیا تھا۔ تاہم، مڈ ٹرم انتخابات میں ڈیموکریٹس کی بڑی کامیابی کے بعد ریپبلکن صدر شاید یہ سوچ رہے ہیں کہ ’اسٹیفن ملر، سوسی وائلز کے مقابلے میں ان کا زیادہ شدت سے دفاع کر سکتے ہیں۔‘

دوسری طرف، ٹرمپ انتظامیہ کا ایک اور نمایاں چہرہ اور وائٹ ہاؤس کی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ اگست کے آخر میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئی تھیں، جن کا متبادل تلاش کرنے میں انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ صدر ٹرمپ نے مذاق میں یو ایف سی (UFC) کے سربراہ ڈینا وائٹ کو پریس سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے کی پیشکش کی، لیکن اس اسپورٹس ایگزیکٹو نے پیر کو یہ کہتے ہوئے معذرت کر لی کہ ’میں سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔‘

WhatsApp
Get Alert