خلیج تعاون کونسل کے ممالک نے کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کرنے کی منظوری دے دی

سعودی عرب (قدرت روزنامہ)خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں اپنی مشترکہ ملٹری کمانڈکے لیے ایک جدید ہیڈکوارٹر کے قیام اور وہاں افواج کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ 

جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہیڈکوارٹرز کے مقام کے انتخاب کا یہ فیصلہ منگل کو منامہ میں جی سی سی ممالک کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ’ہدایات جی سی سی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے خلیج کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں‘۔

جاسم محمد البدیوی نے ’گھناؤنے ایرانی حملوں‘ کے بعد خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کی سطح کو سراہا اور کہا کہ یہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں خلیجی یکجہتی کا عملی نمونہ ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس ہیڈکوارٹر یا تعینات کی جانے والی افواج کے حوالے سے فی الحال کوئی مزید تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ جی سی سی میں امریکا کے اتحادی خلیجی ممالک بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

جی سی سی نے دسمبر 2013 میں کویت میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں اپنی مشترکہ عسکری کمانڈ قائم کی تھی جس کا مقصد مشترکہ فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور رکن ممالک کی ان کی سرزمین، فضائی حدود، بحری حدود اور مفادات کو لاحق ممکنہ خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔

WhatsApp
Get Alert