اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما اسدعمر کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ظفر عباس نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے 7 ستمبر کو پولیس کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔
دفعہ 144 اورایمپلی فائرایکٹ کی خلاف ورزی پر درج مقدمے میں رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ سیشن عدالت میں ضمانت کی درخواست دائرکی تھی۔
اسد عمرنے درخواست ضمانت وکیل سردارمصروف خان کے ذریعے دائر کی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں۔ استدعا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا، ضمانت منظور کی جائے۔
اسد عمرکی جانب سے درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ خدشہ ہے کہ سوسائٹی میں تضحیک کے لیے گرفتار کیا جائے گا۔ جب ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں تو پٹیشنر اس وقت لاہور کی ریلی میں شریک تھا۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرارآفس کی جانب سے پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کی عبوری درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کیا تھا۔ذرائع رجسٹرارآفس کے مطابق ہائی کورٹ سے پہلے سیشن کورٹ سے ضمانت لینے کا فورم موجود ہے۔اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرائی تھی۔