اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثہ جات کی ضبطگی کا حکم واپس لے لیا . احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے حکم واپس لینے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا .
عدالت نے وزیر خزانہ کے اثاثوں کی ضبطگی ختم اور بینک اکاؤنٹس بھی بحال کر دیے .
احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار سرنڈر کر چکے اور ٹرائل دائرہ اختیار ختم ہونے پر ختم ہو چکا ہے . عدالت نے کہا کہ پراسیکیوٹر نے بھی کہا کہ عدالت قانون کے مطابق مناسب آرڈر جاری کر دے، اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا آرڈر واپس لیا جاتا ہے .
واضح رہے کہ احتساب عدالت نے11دسمبر 2017 کو اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے اثاثوں کی ضبطگی کا حکم دیا تھا . اسحاق ڈار کے اشتہاری ہونے پر بینک اکاؤنٹس اور لاہور کا گھر بحق سرکار ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے .