جیل بھرو تحریک ’ضمانت دو تحریک‘ میں تبدیل ہوچکی ہے، شیری رحمٰن
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ صرف تین دن جیل بھرو تحریک ’ضمانت دو تحریک‘ میں تبدیل ہو چکی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے۔
عمران خان کی جیل بھرو تحریک سوشل میڈیا اور بیانات تک ہی محدود ہے، دعوہ کیا گیا تھا ہر شہر سے 2 سو افراد گرفتاری دینگے لیکن تین دن گزرنے کے باوجود پورے ملک سے 2 سو افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی۔ صرف تین دن میں ہی مزحکہ خیز جیل بھرو تحریک “ضمانت دو تحریک” میں تبدیل ہو چکی ہے۔ 1/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) February 25, 2023
انہوں نے کہا کہ ہر شہر سے 200 افراد گرفتاری دینے کا دعویٰ کیا گیا، لیکن تین دن کے بعد ملک سے 200 افراد نے بھی گرفتاری نہیں دی، فوٹو سیشن اور عمران خان کی خوشنودی کے لیے گرفتاری دینے والے ضمانتوں کی درخواستیں دے رہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایک بھی شخص نے گرفتاری نہیں دی، خیبرپختونخوا کے لوگوں نے گرفتاری نہ دے کر عمران خان کی ذاتی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
آپ مسلسل من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کر سکتے۔ لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یو ٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بدامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔ 3/3
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) February 25, 2023
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان من گھڑت اور جھوٹے بیانیے بنا کر لوگوں کو اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے استعمال نہیں کر سکتے، لوگ باشعور ہیں، وہ آپ کے بیانیوں اور یوٹرن سے تنگ آ چکے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لوگوں کا آپ پر عدم اعتماد اس بات کی نشاندہی کرتا ہے وہ انتشار اور بےامنی نہیں بلکہ سیاسی استحکام چاہتے ہیں۔