لاہور (قدرت روزنامہ)جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت نے عمر فاروق ظہور اور صدف ناز کے خلاف چالان وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) لاہور کو واپس کردیا . اداکارہ صوفیہ مرزا کی بچیوں کے پاسپورٹ اور دستاویزات میں جعل سازی کے کیس کی جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت میں سماعت ہوئی .
ایف آئی اے نے صوفیہ مرزا کے سابق شوہر عمر فاروق ظہور اور صدف ناز کے خلاف چالان پیش کیا تھا . جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے علاقائی دائرہ اختیار کی روشنی میں ایف آئی اے لاہور کو چالان واپس بھجوادیا .
عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹرائل کے دوران ایف آئی اے کے گواہ نے دستاویزات میں تبدیلی کا واقعہ کراچی، اسلام آباد میں ہونے کا بیان دیا .
عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے کے گواہ نے صوفیہ مرزا کی بچیوں کی بیرون ملک روانگی کراچی ایئرپورٹ سے ہونا تسلیم کیا . عدالت نے کہا کہ کیس کی سماعت کا دائرہ اختیار لاہور کی عدالت میں نہیں بنتا .