ورچوئل مذاکرات میں پیش رفت، پاکستان اور آئی ایم ایف کا معاہدہ رواں ہفتے ہونے کا امکان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، آئی ایم ایف نے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے پیشگی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹاف سطح معاہدے کے لیے گرین سگنل دے دیا، رواں ہفتے یہ معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے آئی ایم ایف کی پیشگی اقدامات کی شرائط پوری کرنے کے بعد پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور آئی ایم ایف نے پیشگی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جس کے بعد رواں ہفتے اسٹاف سطح کے معاہدے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہونے سے آئی ایم ایف کی آخری پیشگی شرط بھی پوری ہوگئی ہے، چین کے قرضے رول اوور ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوگئے ہیں جبکہ باقی دوست ممالک کی جانب سے بھی پاکستان کیلئے اعلان کردہ پیکجز پر جلد عمل درآمد کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف سطح کا معاہدہ ہونے کے بعد نویں اقتصادی جائزے اور پاکستان کے لیے ایک ارب دس کروڑ ڈالر کی اگلی قسط کی منظوری کے لیے معاملہ آئی ایما اف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پیش ہوگا اور بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو اگلی قسط جاری ہونے کے ساتھ ہی آئی ایم ایف پروگرام بھی ٹریک پر آجائے گا۔