خیبر پختونخوا
قومی وطن پارٹی کا پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ
پشاور(قدرت روزنامہ)قومی وطن پارٹی نے تحریکِ انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپاؤ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے نتائج پر ہمیں بھی تحفظات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج کا فی الحال حصہ نہیں بن رہے۔آفتاب شیرپاؤ نے یہ بھی کہا ہے کہ پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد پارٹی کی سطح پر احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی وفد نے آفتاب شیر پاؤ کو احتجاجی تحریک میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔دوسری جانب مبینہ انتخابی دھاندلی پر بلوچستان میں 4 جماعتی اتحاد کی پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔ چار جماعتی اتحاد میں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتون خوا میپ، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی شامل ہیں۔