اسلام آباد

سونا مزید 600 روپے مہنگا، قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی فی تولہ سونا 600 روپے مہنگا ہو گیا۔
اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 45 ہزار 700 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
اسی طرح 10 گرام سونا 514 روپے مہنگا ہو کر 2 لاکھ 10 ہزار 648 روپے کا ہوگیا۔
عالمی مارکیٹ میں 5 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 2355 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ 6 اپریل کو ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت 4 ہزار 900 روپے کے بڑے اضافے کے بعد 2 لاکھ 45 ہزار100 روپے بُلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔
صراف اور جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند نے ڈان نیوز کو بتایا کہ سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر آگئی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے اثرات کی وجہ سے مقامی سطح پر نرخوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ 10 مئی 2023 کو فی تولہ اور 10 گرام سونے کی قیمت تاریخ کی بُلند ترین سطح 2 لاکھ 40 ہزار روپے اور 2 لاکھ 5 ہزار 761 روپے پر پہنچ گئی تھی۔
اُس دن میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 9 ہزار 900 روپے اور 10 گرام کی قیمت میں 8 ہزار 487 روپے کا بُلند ترین اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں