لاہور(قدرت روزنامہ) گزشتہ مالی سال کے دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 34 ارب یونٹ سے زائد سستی بجلی فراہم کی گئی . 24-2023ء کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہتر سال ثابت ہوا .
اس دوران واپڈا پن بجلی گھروں سے نیشنل گرڈکو 34ارب 43کروڑیونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کی گئی .
پن بجلی کی یہ پیداوار سال 23-2022 کی نسبت 3ارب26کروڑ یونٹ زیادہ رہی . واپڈا پن بجلی کی اضافی پیداوار کے باعث قومی خزانہ کو143 ارب70کروڑ روپے کی بچت ہوئی . واپڈاپن بجلی پاکستان میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے، جس کا ٹیرف3روپے81پیسے فی یونٹ ہے .
واپڈا پن بجلی پاکستان میں بجلی کے باسکٹ ٹیرف کو کم کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے . نیشنل گرڈ میں واپڈا پن بجلی کا حصہ تقریباً 30فیصد ہے . واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کا تناسب بڑھانے کے لیے متعدد منصوبے تعمیر کر رہا ہے .
واپڈا پن بجلی گھروں کی موجودہ پیداواری صلاحیت تقریباً ساڑھے9ہزار میگاواٹ ہے . واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں کی تکمیل پرپن بجلی کی پیداوار میں 11ہزار200 میگاواٹ اضافہ ہوگا . واپڈاکے زیرِتعمیر منصوبوں کی تکمیل پر آئندہ 5 برس میں پن بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 700 میگاواٹ ہوجائے گی .