گندم خریداری کرپشن کیس، سابق جی ایم پاسکو گرفتار

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاسکو گندم خریداری کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق جنرل مینیجر پاسکو ظہور احمد رانجھا کو گرفتار کرلیا ہے . ترجمان ایف آئی اے لاہور کے مطابق، سابق جی ایم پاسکو کو ایم ڈی پاسکو کی گندم خریداری پالیسی تبدیل کرنے پر گرفتار کیا گیا، ظہور احمد رانجھا نے ایم ڈی پاسکو کی گندم خریداری پالیسی فراڈ کرکے تبدیل کی .

ایف آئی اے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پالیسی میں کسانوں کے بجائے آڑھتیوں سے گندم خریدنے کا لکھا گیا، گندم پالیسی میں سابق جی ایم نے تمام ڈسٹرکٹ آفیسرز کو ایم ڈی پاسکو کے دستخط کے ساتھ پالیسی لیٹر جاری کیا . بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایم ڈی پاسکو کی منظور کردہ پالیسی تبدیل کرنے اور جعلی دستخط کرنے کی دفعات کے تحت سابق جی ایم ظہور رانجھا کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا . ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز خان ورک نے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے تمام ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے، پاسکو گندم اسکینڈل میں میرٹ پر تفتیش کی جارہی ہے . ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ایم ڈی پاسکو کو بھی اس کیس میں شامل تفتیش کیا جائے گا . . .

متعلقہ خبریں