آئی ایم ایف کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان
مستحقین کو پہلے 4 ماہ میں امداد کی فراہمی اور درپیش مالی مشکلات کےبارے میں بریفنگ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں غریب افراد میں نقد رقم کی منتقلی کے پروگرام بینظیر انکم سپورٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کے ساتھ پاکستانی حکام کی تیسرے روز بھی مذاکرات و ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آئی ایم ایف جائزہ مشن کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام حکام نے آئی ایم ایف وفد کو رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں بی آئی ایس پی کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کو مستحقین کو پہلے 4 ماہ میں امداد کی فراہمی اور درپیش مالی مشکلات کےبارے میں تفصیل سے آگاہی دی گئی۔ آئی ایم ایف حکام نے بی آئی ایس پی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔