اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے .
اسلام آباد میں کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں، ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے .
انہوں نے کہا کہ آج اللّٰہ تعالیٰ کی مدد سے بری ہوا ہوں، اب بس دہشت گردی کے 14 کیسز رہ گئے ہیں، میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقعہ ہوا مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے گئے .
شیخ رشید نے کہا کہ مچھ، لسبیلہ، مری میں کیس ہوئے جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں، کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا، یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے .
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے، بھارت کشمیر میں کیا کر رہا ہے؟
واضح رہے کہ آج آصف زرداری کے خلاف قتل کی سازش کرنے کے کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شیخ رشید کو بری کر دیا ہے .